پاکستان
06 اگست ، 2015

مون سون بارشوں میں کمی،دریاؤں میں پانی کا بہائو معمول پر آنے لگا

مون سون بارشوں میں کمی،دریاؤں میں پانی کا بہائو معمول پر آنے لگا

کراچی........مون سون بارشوں کے سلسلے میں کمی سے دریاؤں میں پانی کا بہائو معمول پر آرہا ہے۔ ملک میں مون سون بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال بتدریج معمول پر آرہی ہے ،جس میں مزید بہتری متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں دریائے سندھ ، دریائے کابل ، جہلم ، چناب ، راوی اور ستلج کے اپر کیچمنٹ ایریا ز میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، مگر اس سے دریاؤں میں اونچے درجے کے سیلاب کا کوئی امکان نہیں ہے۔ ڈیموں اور بیراج کی صورتحال کو دیکھا جائے تو فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے ۔ بارشوں کے باعث تربیلا پانی ذخیرہ کرنے کی اپنی زیادہ سے زیادہ گنجائش یعنی 1550 فٹ پر پہنچ چکا ہے۔ سیلابی پانی کالاباغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات سے گزرہا ہے جس سے کالا باغ اور چشمہ میں درمیانے درجے جبکہ تونسہ میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔اس وقت گڈو بیراج میں اونچے درجے کا سیلاب ہے اور یہاں پانی کی إٓمد6 لاکھ 57ہزار کیوسک جبکہ اخراج 6 لاکھ 34 ہزارکیوسک ہے ۔سکھر میں بھی یہی صورتحال ہے، یہاں پانی کی آمد 6 لاکھ 99 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 6 لاکھ 50 ہزار کیوسک ہے۔ کوٹری بیراج پر فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کی إٓمد 3 لاکھ 88 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 3 لاکھ 65 ہزار کیوسک ہے۔

مزید خبریں :