10 اگست ، 2015
لندن.....ایم کیوایم کے کارکنوںکے ماورائے عدالت قتل ، چھاپوں گرفتاریوںاورانہیںلاپتہ کرنے کے واقعات کے خلاف پیر کو ایم کیوایم یوکے کی جانب سے لندن میں برطانوی وزیراعظم کی سرکاری رہائش گاہ 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ایم کیو ایم کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق مظاہرے میں سینکڑوں افرادنے شرکت کی جن میںکارکنوںاورذمہ داروں کے ساتھ ساتھ ہمدردنوجوانوں، بزرگوں ،خواتین اوربچوںکی بھی بڑی تعدادشامل تھی۔لندن کے علاقوں کے ساتھ ساتھ برمنگھم، مانچسٹر، شیفیلڈ،بریڈفورڈاوربرطانیہ کے دیگردوردرازعلاقوںسے تعلق رکھنے والے پاکستانیوںنے شرکت کی ۔ارکان رابطہ کمیٹی اظہاراحمدخان،ڈاکٹرسلیم دانش، انبساط ملک، مصطفیٰ عزیزآبادی،سی ای سی ارکان طارق جاوید، محمدشریف ،سینئر رکن محمد انور اوریوتھ ونگ ارکان کے علاوہ شہیدرہنماڈاکٹرعمران فاروق کی بیوہ شمائلہ عمران بھی شریک تھیں ۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایم کیوایم اورپاکستان کے پرچموںاور الطاف حسین کے پورٹریٹ کے ساتھ ساتھ پلے کارڈزبھی اٹھارکھے تھے۔مظاہرین نے ایک بڑا بینر بھی اٹھارکھاتھاجس پر انگریزی میں ’’ مہاجروں پرمظالم بندکرو ‘‘ کے جملے درج تھے۔اس موقع پرایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان ، یوکے کے ذمہ داران اوریوتھ ونگ کے ارکان نے مظاہرین سے خطاب کیااورکراچی میں جاری آپریشن کے دوران ایم کیوایم کے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل، ان کی بڑے پیمانے پر کی جانے والی گرفتاریوں اورانہیں لاپتہ کرنے اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدیدمذمت کی اور ریاستی مظالم بندکرنے کی اپیل کی۔ اس موقع پر ایم کیوایم کے ذمہ داران کے وفدنے برطانوی وزیراعظم کی رہائش گاہ 10 ڈاؤننگ جاکر ایک پٹیشن بھی پیش کی ۔دریں اثنا الطا ف حسین نے انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن کے رکن محمد احسان کے بھائی محمد محسن حسن کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے۔اورسوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبرجمیل عطاکرے۔ (آمین)