10 اگست ، 2015
کراچی.....متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے سندھ اسمبلی کے باہر اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کرنے والے معذور افراد اور خواتین پر پولیس کے بہیمانہ تشدد کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ سندھ حکومت معذور افراد کے احتجاج و مسائل پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے اور خواتین معذورین حتی ٰ کہ حاملہ معذور خاتون کو آج جس طرح سے انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے وہ انسانی تاریخ کا بد ترین واقعہ ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ معذور افراد اور خواتین کو کوٹے پر ملازمتیں نہ دینے کے باعث سندھ اسمبلی کے باہر احتجاج کرنے پر پولیس کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنانا مقدس ایوان کی توہین ہے اور اس شرمناک حرکت سے واضح ہوگیا ہے کہ سندھ اسمبلی کا ایوان لوگوں کو انصاف کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے۔ اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ قائم علی شاہ خود موجود تھے اور ان کے ہوتے ہوئے اسمبلی کے باہر معذور افراد اور خواتین کو تشدد جس طرح سے پولیس نے تشدد کا نشانہ بنایا ہے وہ شرمناک ہی نہیں بلکہ سندھ حکومت اور اس کے وزراء کی کھلی بے حسی کا ثبوت ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے پولیس تشدد کے باعث زخمی ہونے والے معذورین سے دلی ہمدردی کااظہار کیا اور کہاکہ ایم کیوایم ان کے مسائل ، مشکلات اور دکھ درد میں برابر کی شریک ہے اور ان کے مطالبات کی منظوری کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی ۔ اورارباب اختیار و اقتدار سے مطالبہ کرتی ہے کہ معذور افراد اورخواتین پر تشدد میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف فی الفور کارروائی عمل میں لائی جائے ،اس میں ملوث اعلیٰ حکام کو فی الفور برطرف کیاجائے۔ علاوہ ازیں جشن آزادی کی تقریبات کے انعقاد کے سلسلے میں گزشتہ روز ایم کیوایم کے شعبہ جات اور ونگز کا ایک اجلاس خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں منعقد ہوا جس کی صدارت رابطہ کمیٹی کے اراکین نے کی ۔ اجلاس میں جناح گرائونڈ عزیز آباد منعقد ہونے والے جشن آزادی کے دو روزہ اجتماع کے انعقاد کیلئے شعبہ جات اور ونگز کے اراکین پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دیدی گئیں جبکہ کمیٹیوں کے اراکین نے جشن آزادی کے اجتماع کی تیاریاں اور انتظامات جوش و خروش کے ساتھ شروع کردیئے ہیں ۔ ادھر الطاف حسین کی ہدایت پر رابطہ کمیٹی اور حق پرست ارکان اسمبلی کے وفد نے سینئر کارکن اور فوٹو سیکشن کے رکن شہید محمد ہاشم کے گھر کا دورہ کیا ۔ارکان رابطہ کمیٹی زریں مجیدسید امین الحق ، محمد کمال ، اور حق پرست اراکین سندھ اسمبلی شامل تھے ۔اس موقع پر وفد کے ارکان نے شہید کے سوگوار اہل خانہ، اہل محلہ او ر احباب سے محمد ہاشم کے المناک ماورائے عدالت قتل پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ۔