11 اگست ، 2015
کراچی........عمران فاروق قتل کیس میں گرفتار ملزم خالد شمیم کی اہلیہ کی سندھ ہائی کورٹ میں شوہر کی تنخواہ کیلئے درخواست دائر کردی ۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ سماعت ملاقات سے متعلق ہے تنخواہ کے اجراء کیلئے اسے نئی درخواست دائر کی جائے۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں 2رکنی بنچ نے عمران فاروق قتل کیس کے ملزم خالد شمیم سے اہل خانہ کی ملاقات کرانے سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔ خالد شمیم کی اہلیہ بینا خالد نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے حکام نے 23 جولائی کو خالد سے اس کی ملاقات کرادی ، اس کا شوہر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا ملازم اور اس وقت 90 روزہ نظر بندی پر ایف آئی اے اسلام آباد کی تحویل میں ہے لیکن متعلقہ ادارہ اس کے شوہر کی تنخواہ جاری نہیں کررہا جس کی وجہ سے انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔عدالت نےدرخواست گذارکا موقف سننے کے بعد سماعت 2 ہفتوں کے لئے ملتوی کرتے ہوئے بینا خالد کو ہدایت کی کہ یہ درخواست صرف ملاقات سے متعلق تھی، تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے علیحدہ درخواست دائرکی جائے۔خالد شمیم کو قانون نافذ کرنے والے ادارے نے چمن کے قریب پاک افغان سرحد سےحراست میں لیا تھا۔