11 اگست ، 2015
کراچی......متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین کی جانب سے ایم کیوایم کے زیر اہتمام پاکستان کا 68واں یوم آزادی جوش و خرو ش اوربھرپورشایان شان طریقے سے منانے کے اعلان کے بعدایم کیوایم کے کارکنان اورحق پرست عوام میںخوشی کی لہردوڑگئی ہے جبکہ ایم کیوایم کے کارکنان کی جانب سے جشن آزادی کی تیاریوںکاسلسلہ شروع کردیا گیا ہے ۔ ایم کیوایم کے زیراہتمام ہرسال کی طرح امسال بھی بھرپورطریقے سے منایا جائے گا اور اس سلسلے میں 13اور 14اگست کو جناح گرائونڈ عزیز آباد میں جشن آزادی کادو روزہ اجتماع منعقد ہوگا جبکہ ایم کیوایم کے تحت ملک بھر میںبھی جشن آزادی کی تقریبات شایان شان طریقے سے منعقد کی جائیں گی اورگلی گلی شہرشہرریلیاںنکالی جائینگی۔ تفصیلات کے مطابق جشن آزادی کی تقریبات کے انعقاد کے سلسلے میںقائدتحریک الطا ف حسین کے واضح اعلان کے بعد رابطہ کمیٹی کے ارکان کی صدرات میںگزشتہ روز شعبہ جات اور ونگز کا ایک اہم اجلاس خورشید بیگم سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا اور مختلف کمیٹیاں تشکیل دیدی گئیں جبکہ کمیٹیوں کے اراکین نے جشن آزادی کے اجتماع کی تیاریاں اور انتظامات جوش و خروش کے ساتھ شروع کردیئے ہیں ۔