پاکستان
12 اگست ، 2015

یوم آزادی: 13اور 14اگست کو نائن زیروپر اجتماعات ہوںگے

کراچی......متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام پاکستان کا 68ویں یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کے سلسلے میں کل 13اگست جمعرات اور 14اگست جمعہ کو دو روزہ بڑا اجتماع منعقد ہوگا ۔ جشن آزادی کے اجتماع کے سلسلے میں ذمہ داران و کارکنان میں زبردست جوش و خروش پایاجارہا ہے اور جناح گرائونڈ عزیز آباد اور اطراف کے علاقوں کو پاکستان کے سبز ہلالی پرچم اور ایم کیوایم کے سہ رنگی پرچموں سے سجایا جارہا ہے ۔ اس سلسلے میں جناح گرائونڈ عزیز آباد میں جشن آزادی کی مناسبت سے دلفریب اسٹیج کی تیاری کا کام جاری ہے ، اسٹیج کی جگہ کا تعین ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین نے گزشتہ روز جناح گرائونڈ کے دورے کے دوران کیا ۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی نے جشن آزادی کے اجتماع کے انتظامات اور تیاریوںکا جائزہ لیا اور اجتماع کی تیاریوں میں مصروف کارکنان کو الطاف حسین کی جانب سے زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔رابطہ کمیٹی کے اراکین نے ذمہ داران و کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم جشن آزادی جس شایان شان طریقے سے منا رہی ہے وہ اس کی حب الوطنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ رابطہ کمیٹی کے اراکین نے کہاکہ جب سے ایم کیوایم قائم ہوئی ہے کہ ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر ہر جشن آزادی کی صبح پاکستان کا سبز ہلالی پرچم کی پرچم کشائی کی جاتی ہے لیکن اس کے باوجود ایم کیوایم پر غداری اور ملک دشمنی کے الزامات لگائے جاتے ہیں۔ رابطہ کمیٹی کے اراکین نے کہاکہ جشن آزادی کا شاندار اجتماع ثابت کردے گا کہ الطا ف حسین سچے پاکستانی اور ایم کیوایم ایک محب وطن جماعت ہے اور اس کے خلاف ہونے والے تمام پروپیگنڈے گھنائونی سازش کا حصہ ہیں جو ماضی کی طرح ایک بار پھر ناکام ہوں گے ۔

مزید خبریں :