14 اگست ، 2015
لندن ......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے تمام اہل وطن کو پاکستان کے 68ویں یوم آزادی کی دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔یوم آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں الطاف حسین نے کہاکہ آزادی اللہ تعالیٰ کی ایک نعمت ہوتی ہے ،ہمیں آزادی کی قدرکرناچاہیے۔پاکستان لاکھوں مسلمانوں کی جانوں کی قربانیوںکے بعدوجودمیں آیاہے اورہمیں آزاد ی کےحصول کیلئے جدوجہدکرنے اورقربانیاں دینے والوں کی قربانیوں کااحترام کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان آج جن چیلنجزسے دوچارہے اس کاتقاضہ ہے کہ تمام قومیتوں، نسلی ولسانی اکائیوں،فقہوںاور مذاہب سے تعلق رکھنے والے عوام کے ساتھ انصاف کیاجائے ،انہیں ان کے جائزحقوق دیئے جائیں ، ان کی محرومی دور کی جائے اور سب کے ساتھ یکساں سلوک کیاجائے ، اسی صورت میں ایک قوم کاتصور پروان چڑھ سکتاہے اور ملک میںقومی یکجہتی پیدا ہوسکتی ہے۔دریں اثنا الطاف حسین نے متحدہ سوشل فورم کے رکن انور خان ترین کے والدمحمد شفیع خان ترین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ایک تعزیتی بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیو ایم کے تما م کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔انہوں نے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کی کہ محمد شفیع خان ترین کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔