14 اگست ، 2015
برسلز.....ایم کیوایم کے کارکنوں کے مبینہ ماورائے عدالت قتل،گرفتاریوں، غیرقانونی حراست اورلاپتہ کرنے کے واقعات کے خلاف ایم کیوایم بیلجیئم کے زیراہتمام برسلز میں گزشتہ روز یورپئین پارلیمنٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ مظاہرے میں کارکنوں اوران کے اہل خانہ نے شرکت کی ۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈزاٹھارکھے تھے جن پر کراچی میں کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل ، گرفتاریوں ،لاپتہ کرنے اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں احتجاجی کلمات درج تھے ۔اس موقع پر ایم کیوایم بیلجئم کے آرگنائزرفریداحمدنے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کی آڑمیں ملک کی تیسری بڑی جماعت کوکچلنے کی کوششیں کی جارہی ہیںاوراسے ریاستی مظالم کانشانہ بنایاجارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ پانچ کروڑ مہاجروں کوطاقت کے ذریعے ختم نہیں کیاجاسکتا۔اس موقع پر یورپی پارلیمنٹ کے ارکان کوایک پٹیشن بھی پیش کی گئی ۔