14 اگست ، 2015
کراچی......متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے پاکستان کے 68ویں یو م آزادی پر جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں پر وقار ورائٹی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں کراچی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین ، نوجوانوں ، بزرگوں ، بچوں سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ایم کیوا یم کی جانب سے جناح گراؤنڈ میں پاکستان کے قومی پرچموں سے سجایا گیا تھا جبکہ گراؤنڈ کے درمیا ن دیو قامت اسٹیج تیار کیا گیا تھا جس پر نصب مین اسکرین پرپاکستان کے نقشے کے دونوں جانب بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور الطاف حسین کی تصاویر آویزاں کی گئی تھیں جبکہ اسکرین پر تمام ہم وطنوں کو ۶۸ ویں یوم آزادی کی مبارک باد کے کلمات جلی حروف میں درج کئے گئے تھے ۔ورائٹی پروگرام کے دوران ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین نے عوام کے درمیان جاکر انہیں قومی پرچموں اور بیجز کا تحفہ پیش کیا اور عوام کے ہمراہ پاکستان زند ہ آباد کے نعرے بلند کئے جبکہ 12بجتے ہی شاندار آتش باز ی کا مظاہر کیا گیا اور قومی ترانہ پیش کیا گیا جس پر ایم کیوا یم رابطہ کمیٹی ، کارکنان اور ذمہ داران احتراماً اپنی نشستوں سے کھڑے ہوگئے۔ جبکہ رابطہ کمیٹی کے اراکین نے پاکستان کے68ویں یوم آزادی کا کیک کاٹا اور عوام میں تقسیم کیا۔ورائٹی پروگرام میں ملک کے معروف گلوکار محمد ابراہیم ،حسن جہانگیر، شان جے،امبر انصاری و دیگر نے اپنے فن کا مظاہرہ کرکے عوام سے خوب داد سمیٹی ۔ ورائٹی پروگرام رات گئے تک جاری رہا جس میں نوجوان قومی ترانوں پر والہانہ رقص کرتے رہے اور جشن آزادی پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے رہے ۔