17 اگست ، 2015
کراچی.........رفیق مانگٹ.........بھارتی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق بھارتی وزیر دفاع منوہر پریکر نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کررہا ہے، جس کے بدلے میں بھارت پاکستان کو مناسب جواب دے رہا۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پونچھ میں لائن آف کنٹرول اور جموں کشمیر میں راجوری میں جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے اور بھارت پاکستان کو اس کا بھرپور جواب دے رہا ہے۔ وزیر دفاع منوہر پریکر نے کہا کہ ہم انہیں بھرپور جواب دے رہے ہیں ہمارا جواب دگنا اور تگنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل 8دن سے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر پاکستان کی طرف سے خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پونچھ اور راجوری کے بارڈر پوسٹ اور شہری علاقوں میں 2دن میں گولہ باری سے 6بھارتی مارے گئے۔ گورداسپور حملے کے بارے ایک سوال پر بھارتی وزیر دفاع نے کہا کہ دریائے راوی پر باڑ لگانا ممکن نہیں، تاہم بین الاقوامی سرحد پر سیکورٹی کے تمام اقدامات اٹھائے ہیں، جن میں کئی الیکٹرانک اقدامات بھی ہیں۔ اخبار نے ایک اور رپورٹ میں لکھا کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی پر بھارت میں پاکستانی سفیر کو طلب کیا گیا اور ان سے 2دن میں 6بھارتیوں کی ہلاکت پر احتجاج کیا گیا۔