17 اگست ، 2015
کراچی......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے فرقہ پرست تنظیم کے دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم اورنگی ٹائون سیکٹر یونٹ 124کے شہید کارکن اکرام خان کے چھوٹے بھائی نعمان خان کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ نعمان خان شہید قریبی مسجد سے نماز کی ادائیگی کے بعد گھر واپس جارہے تھے کہ دہشت گردوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ شہید ہوگئے جبکہ نعمان خان شہید کے بڑے بھائی اکرام خان شہید کو بھی گزشتہ برسوں ان ہی فرقہ پرست کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے بیدردی سے قتل کردیاتھا ۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ شہر میں فرقہ پرست کالعدم تنظیموںکے دہشت گرد آزاد گھوم رہے ہیں اور معصوم و بے گناہ افراد کو فائرنگ کرکے بیدردی سے قتل کررہے ہیں لیکن دہشت گردوں کی سرکوبی کے بجائے ایم کیوایم جیسی پرامن سیاسی اور جمہوری جماعت کو بلاوجہ اور غیرقانونی طور پرنشانہ بنایا جارہا ہے اور اس کی آڑ میں ہمارے کارکنان کی بے دریغ گرفتاریاں کی جارہی ہیں ، عدالتوں میں کارکنان کو پیش کرنے کے بجائے ان کا ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم شہر کی واحد منتخب نمائندہ جماعت ہے لیکن امن وامان کے حوالے سے ایم کیوایم کے تحفظات کو ترجیح نہ دینا نہ صرف عوامی مینڈیٹ توہین ہے بلکہ ایم کیوایم کا سیاسی استحصال کرنے کے مترادف ہے ، ایم کیوایم کی صفوں میں تو قاتلوںکو تلاش کیاجارہا ہے اور اس کیلئے غیر معمولی اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ جرائم پیشہ عناصر ، کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کے خلاف ادارے خاموش تماشائی کا کردار کررہے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے نعمان خان شہید کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہیدکو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے۔ رابطہ کمیٹی نے وزیر اعظم نواز شریف ، وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیراعلیٰ قائم علی شاہ اور کور کمانڈر کراچی نوید مختار سے مطالبہ کیا کہ نعمان خان کے قتل میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے۔ دریں اثنا الطا ف حسین نے دہشت گردوں کی فائرنگ سے اورنگی ٹائون کے شہید کارکن اکرام خان کے بھائی نعمان خان کی شہادت پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہار کیا ہے۔ایک تعزیتی بیان میں انھوں نے لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہا رکرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے۔ (آمین)