پاکستان
18 اگست ، 2015

رشید گوڈیل پر حملہ سازش ہے ، فضل الرحمن

کراچی......جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کے رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملہ میرے ثالث ہونے اور ایم کیوایم کے استعفوں کے معاملے پر آج شروع کئے گئے سارے پروسیس کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے ،رشید گوڈیل کے قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہونے کے حادثہ کے باوجود ایم کیوایم کے مثبت رویئے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ، ملک و قوم اور سیاسی نظام کو بحرانی کیفیت سے نکالنے کیلئے ایم کیوایم نے اپنا جذبہ برقرار رکھا ہے اور کسی جذباتیت کا مظاہرہ نہیں کیا ہے اور اسی مثبت رویئے ، جذبے اور عندیئے کے ساتھ ہم اسلام آباد میں ایم کیوایم کے استعفوں کے معاملے پر بات چیت کو مزید آگے بڑھائیں گے ۔ان خیالات کااظہار انھوں نے نائن زیرو پر ہونے والی ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس سے قبل رکن رابطہ کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار نے بھی میڈیا سے گفتگو کی ۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہمارے ہاں معاشرے کا رواج بھی یہی ہے کہ اگر کوئی ناراض ہوجاتا ہے تو ایک دفعہ ان کے گھر جانا ہوتا ہے ، پارلیمنٹ نے اصرار کیا کہ آپ نے ہی جاکر بات کرنی ہے میں زندگی بھی پہلی نائن مرتبہ آیا ہوں اور ناراض لوگوں کے پاس جانا ہی پڑتا ہے اور میں محسوس کررہا ہوں کہ اس حوالے سے انہوں نے اچھا اور مثبت رویہ اپنایا ہے ، اللہ تعالیٰ کرے کہ ہم ملک کو ایسے بحرانو ں سے بچائیں ، اور ملک کے آئین وقانون کے جو تقاضے ہیں اس کے دائرے میں رہتے ہوئے ملک کے سیاسی نظام کو استحکام دیں ۔ انہوں نے کہاکہ اصول کے تحت لوگوں کی زندگی کو تحفظ دینا آئین وقانون اور حکومت کی ذمہ داری ہے ۔

مزید خبریں :