18 اگست ، 2015
اسلام آباد.......قومی اسمبلی کی نشست سے استعفے کے بعد رشید گوڈیل نے کہا تھا کہ لگتا ہے کہ ہم مرنے کے لیے کراچی واپس جارہے ہیں۔ ایم کیوایم کے مستعفی رکن قومی اسمبلی جو اس وقت زندگی و موت کی کشمکش میں وینٹی لیٹر پر ہیں جب اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ 12اگست کو قومی اسمبلی سے استعفیٰ دے کرایوان سے باہر آئے تو وہ پارلیمنٹ ہاؤس کے مرکزی داخلی گیٹ نمبرون پر ایک گھنٹہ بیٹھے رہے۔ اس دوران انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ غیررسمی گفت گو میں کئی باتیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ لگتا ہے ہم مرنے کے لیے کراچی واپس جارہے ہیں، ہم سے مل لو، پتا نہیں اب واپس آئیں گے یا نہیں۔ رشید گوڈیل نے کہا کہ جیسے حالات ہیں لگتا ہے ہمیں ماردیا جائےگا۔ صحافیوں نے ان سے سوال کیا کہ آپ کی جان کو کس سے خطرات ہیں؟ انہوں نے کہا کہ میں اور میرے ساتھی چھوٹے چھوٹے سیاسی ورکر اورعوامی لوگ ہیں، معلوم نہیں کون ماردے۔