18 اگست ، 2015
اسلام آباد.......سیاسی و عسکری قیادت نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اہم فیصلے کیے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس میں سیاسی و عسکری قیادت نے فیصلہ کیا کہ شہروں کے اندر کارروائیاں تیز کی جائیں گی، کراچی میں آپریشن جاری رہے گا۔ وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میںآرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیرداخلہ چوہدری نثار، مشیر سلامتی امور سرتاج عزیز، معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔ چار گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہنے والے اس اجلاس میں ملک کی اندرونی اور سرحدی سیکیورٹی صورت حال پر تفصیلی غورکیا گیا۔ عسکری حکام نے آپریشن ضرب عضب پر بھی بریفنگ دی اور آئندہ کی حکمت عملی طے کی گئی۔ ذرائع کا کہناہے کہ عسکری و سیاسی قیادت نے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی سخت مذمت کی اور کئی اہم فیصلے بھی۔ فیصلہ کیاگیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کیا جائے گا، نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد مزید مؤثربنایا جائے گا، شہروں کے اندر بھی دہشت گردوں اور ان کے معاونت کاروں کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں گی،کراچی میں قیام امن اور استحکام کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی، دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا۔ سیاسی و عسکری قیادت نے بھارت کی جانب سے سرحدی خلاف ورزیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مشیرسلامتی سرتاج عزیز کے اسی ہفتے مجوزہ دورۂ بھارت اور مذاکراتی عمل کی بحالی کے حوالے سے امور بھی غور کیا گیا۔ سیاسی و عسکری قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ پاک بھارت قومی سلامتی مشیروں کے مذاکرات میں مسئلہ کشمیر سمیت ایل او سی کی مسلسل خلاف ورزیوں کا معاملہ سرفہرست ہوگا۔ اجلاس سے قبل آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم سے ون آن ون ملاقات بھی کی۔