پاکستان
19 اگست ، 2015

کہف الوریٰ اور شاہدپاشا رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر مقرر

کراچی...... ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی پاکستان کے انچارج کہف الوریٰ اور رکن سیدشاہدپاشاکو رابطہ کمیٹی کاڈپٹی کنوینر مقررکردیاگیاہے۔ اس بات کافیصلہ آج رابطہ کمیٹی پاکستان اورلندن کے مشترکہ اجلاس میں کیاگیا۔ الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے اس فیصلے کی توثیق کردی ہے ۔دریں اثنا پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک سے تعلق رکھنے والے مختلف طبقہ ہائے فکر کے افراد نے حق پرست رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے اور ان کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور خصوصی دعائیں کیں ۔ رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملے کی اطلاع ملتے ہی ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو اور انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں ٹیلی فون ، فیکس اور امیل پر پیغامات کا تانتا بندھ گیا جس میں لوگوں نے رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملے کو ایم کیوایم اور حکومت کے درمیان استعفوں کے معاملے پر ہونے والے مذاکرات میں تعطل پیدا کرنے کی گھنائونی سازش قرار دیا ۔پیغامات بھیجنے والوں میں سیاسی ، مذہبی اور سماجی رہنما ، علمائے کرام ، وکلاء ، اساتذہ ، طلباء ، صنعتکار اور مختلف برادریوں اور قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بہت بڑی تعداد شامل ہے ۔ علاوہ ازیںایم کیو ایم شعبہ خواتین کے زیر اہتمام بدھ کو خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیزآباد میں رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل کی جلد و مکمل صحتیابی کیلئے ’’ یا سلامو‘‘ کا ورد کیا گیا ۔ یاسلامو کے ورد کے اجتماع میں شعبہ خواتین کی انچارج اور ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ علاوہ ازیں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے ڈرائیور متین کی ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی بھی کی گئی اور شہید متین کی مغفرت کیلئے بھی خصوصی دعا کی ۔مزید براں ایم کیوا یم شعبہ اطلاعات کے مطابق رشید گوڈیل کی صحتیابی کیلئے نہ صرف ملک بھر میں بلکہ پوری دینا بالخصوص مکہ مکرمہ میں دعائوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ مکہ مکرمہ میں آج رشید گوڈیل کی صحتیابی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں اور صدقہ بھی کیا گیا۔

مزید خبریں :