20 اگست ، 2015
کراچی.........وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد ہورہاہے،شجاع خانزادہ کا مشن رکنے والا نہیں، رشید گوڈیل کودہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا،جسکی مذمت کرتے ہیں، دہشت گردی کی کارروائیاں ہمارے مشن کو نہیں روک سکتیں۔کراچی میں بجلی کی پیداوار کے منصوبے کینپ ٹو کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہو ئے وزیراعظم نے کہا کہ کے ٹو منصوبے کی کنکریٹ پورنگ کرکےبے حد خوشی ہوئی ہے،آج تکمیل کے بعد منصوبے کاافتتاح کرنا باعث فخر ہے ،یہ منصوبہ پاک چین دوستی کی مضبوط مثال ہے،چینی حکومت کی طرف سے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت قابل فخر ہے، نومبر2013 میں کے ٹو اور کے تھری منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی حلقوں میں پاکستان سے متعلق مثبت تاثرقائم ہوا ۔اس سے قبل وزیراعظم میاں نواز شریف ایک روزہ مختصر دورے پر کراچی پہنچے توگورنر ڈاکٹرعشرت العباد اوروزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ سمیت اہم شخصیات نےایئرپورٹ پران کا استقبال کیا ۔ ایٹمی بجلی گھر کے افتتاح کے بعد وزیراعظم نواز شریف گورنر ہاؤس میں امن و امان کی صورت حال سے متعلق اجلاس میں شرکت کریں گے ۔جہاں انہیں قومی ایکشن پلان اور کراچی آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی ۔وزیراعظم میاں نواز شریف گورنر ہائوس میں پارسی کمیونٹی کے نمائندہ وفد سے بھی ملاقات کریں گے ۔