17 مئی ، 2012
اسلام آباد … جے یو آئی ف کے سربراہ مولا نا فضل الرحمان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اختلافی امور پر اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے سے دور ہو گئیں تو خدشہ ہے کہ نیٹو سپلائی کی بحالی پر حکومت من مانی کرے گی۔ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں سینیٹر اسحاق ڈار سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار ناراض کرنے یا ناراض ہونے والی بھائی نہیں، وہ کبھی جذباتی ہوجائیں تو ہم نظرانداز کردیتے ہیں، ن لیگ کے بارے میں کچھ شکایات تھیں جو اسحاق ڈار کو پہنچا دی ہیں، مسائل بات چیت سے ہی حل ہو تے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن میں تعیناتیوں کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین کے انتخاب پر ن لیگ نے مشاورت ہی نہیں کی، جے یو آئی ف نے اس کمیٹی کی سربراہی ہر جماعت کو باری باری دینے کی تجویز دی ہے۔ فضل الرحمان نے کہاکہ اداروں نے پارلیمنٹ کی سفارشات کے مطابق اپنے رولز آف بزنس کو تاحال تبدیل نہیں کیا، مقتدر قوتیں پارلیمنٹ کی بالادستی کو تسلیم نہیں کریں گی تو سمجھا جائے گا کہ وہ قومی یکجہتی کو نظر انداز کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا، پاکستان کو بلیک میل کرنے کی پالیسی اپنائے ہوئے ہے، 70 ارب روپے کا نقصان کرکے صرف 1 ارب روپے امداد دیتا ہے۔