23 اگست ، 2015
کراچی........کراچی کے مختلف علاقوں میں انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ نے کارروائی کرکے کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 10 دہشت گرد گرفتار کر لیے۔ کائونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے خفیہ اطلاع پر سائٹ ایریا میں واقع ایک گھرپر چھاپا مارا۔ کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے5 دہشت گردوں نعمت اللہ، عبداللہ، شیر ولی، سمیع اللہ اور سعید اللہ کو گرفتارکرلیا گیا۔ ملزمان کی نشاندہی پرکورنگی گودام چورنگی کے قریب چھاپا مار کے مزید چار دہشت گرد گرفتار کرلیے گئے ، جن میں امجد خان، بلال خان، ارشد اور عمران شامل ہیں۔ گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے دستی بم، اسلحہ اور بڑی تعداد میں گولیاں برآمد ہوئیں ، ملزمان بھتا خوری، اغوا برائے تاوان اور سائٹ میٹروویل اور سہراب گوٹھ کے علاقوں میں قتل کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔ گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے خان زمان گروپ سے ہے۔ سی ٹی ڈی کی ایک اور کارروائی میں کورنگی غنی چورنگی کے قریب سے کالعدم تحریک طالبان افغانستان سے تعلق رکھنے والے عبدالغفور محمد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ گرفتار دہشت گرد افغان طالبان کمانڈر محمد عالم گلستان کا قریبی ساتھی بتایا جاتا ہے۔