26 اگست ، 2015
کراچی.......ایف آئی اے اور نیب کے کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے لینڈ ڈپارٹمنٹ میں تابڑ توڑ چھاپے، متعلقہ افسران سے غائب کی گئی فائلوں اور نقشوں کے بارے میں پوچھ گچھ، نارتھ ناظم آباد میں دی گئی زمینوں کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔ سوک سینٹر میں واقع کے ڈی اے کا لینڈ ڈپارٹمنٹ ، تسلسل کے ساتھ وفاقی تحقیقاتی اداروں کی کارروائیوں کی زد میں ہے،بدھ کو نیب اور ایف آئی اے کی ٹیمیں یہاں دو بارہ آئیں اور یہاں سے غائب کی گئیں فائلوں کے بارے میں پوچھ گچھ کی ۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیموں نے متعلقہ افسران سے اس پر بھی تبادلہ خیال کیا کہ غائب ہونے والی فائلوں اور نقشوں کا ریکارڈ کیسے مرتب کیا جاسکتا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی اداروں کی جانب سے نارتھ ناظم آباد ایل بلاک میں دی گئی زمینوں کا ریکارڈ بھی جمع کیا جارہا ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے گزشتہ ماہ بھی لینڈ ڈپارٹمنٹ میں چھاپہ مارا گیا تھا اور اسی دوران کراچی میں زمینوں کے تمام ریکارڈ قبضے میں لئے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق چائنا کٹنگ اور زمینوں کی خورد برد میں شامل افراد کا ڈیٹا جمع کیا جارہا ہے۔