پاکستان
18 مئی ، 2012

حکمرانوں نے امریکی شرائط پر نیٹو سپلائی بحال کرنیکا فیصلہ کرلیا، منور حسن

حکمرانوں نے امریکی شرائط پر نیٹو سپلائی بحال کرنیکا فیصلہ کرلیا، منور حسن

منصورہ … امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ نااہل حکمرانوں نے قومی وقار بحال اور آزاد خارجہ پالیسی اختیار کرنے کا سنہری موقع ضائع کردیا ہے، انہوں نے پاکستان کی جغرافیائی حیثیت سے فائدہ اٹھانے کے بجائے دشمن کی شرائط پر سپلائی بحال کرنے کا فیصلہ کر کے قومی مستقبل پر سوالیہ نشان لگادیا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید منور حسن کاکہنا تھا کہ قوم نہیں جانتی کہ صدر زرداری بڑی مشکل سے شگاگو کانفرنس کا دعوت نامہ حاصل کر کے اس میں شرکت کیلئے کیا مقصد لے کر گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ نیٹو سپلائی بحال کر کے اپنے پاوٴں پر کلہاڑی مار رہے ہیں، اگر قوم اپنی آزادی اور سلامتی کیلئے نہ اٹھی تو غلامی کی طویل رات کو سحر کرنے میں نسلیں گزر جائیں گی، امریکا خطے میں موجود رہنے کیلئے صدر کرزئی سے اپنی شرائط پر تحریری معاہدے کر رہاہے اور ہماری آزادی سلب کرنے کا ناپاک منصوبہ بنارہا ہے، کراچی کو ایک بار پھر آگ و خون میں نہلا یا جارہاہے۔ سید منور حسن نے کہاکہ امریکا سے تعلقات کی بحالی کا پہلا نقطہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سے لاتعلقی اور پاکستانی حدود کے استعمال پر پابندی ہونا چاہئے تھا، حکمرانوں کی کمزوری اور گھٹنے ٹیکنے کی وجہ سے اب امریکا دوبارہ اپنی شرائط پیش کررہا ہے، اس نے حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی اور وزیرستان میں فوری آپریشن کا مطالبہ شروع کر دیا ہے۔

مزید خبریں :