27 اپریل ، 2025
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہےکہ بھارت پانی کہاں لے جائیگا، نہ وہ رخ موڑ سکتا ہے اور نہ ہی روک سکتا ہے۔
سیالکوٹ میں جیو نیوز سے گفتگو میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ میں نہیں سمجھتا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرکے کچھ حاصل کرلےگا، اس معاہدے میں بین الاقوامی ضمانتیں ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کا کوئی تاحال کوئی جواب نہیں دیا ہے، پاکستان نے پوری دنیا سے بین الاقومی کمیشن بنانے کی اپیل کی ہے، ہم تحقیقات کے لیے تیار ہیں تاکہ سچ اور جھوٹ دنیا کے سامنے آجائے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ شملہ معاہدے میں تنسیخ کی جاسکتی ہے لیکن سندھ طاس معاہدے میں بین الاقوامی ضامن ہیں۔ نریندر مودی اور ان کے انتہا پسند ساتھی اپنی گرتی ساکھ کو بچانے کے لیے ایسی باتیں کر رہے ہیں، بھارت کے اندر اس وقت ایک نہیں بلکہ علیحدگی کی متعدد تحریکیں چل رہی ہیں، ان کا پاکستان سےکوئی تعلق نہیں۔
خواجہ آصف نےکہا کہ افغانستان کی سرزمین ہمارے لیے استعمال ہورہی ہے اور اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا جارہا،کالعدم ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں، بھارت کے اندر سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں کہ یہ سب رنگ بازی ہو رہی ہے، حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، نریندر مودی واحد حکمران ہے جس پر دہشت گردی اور قتل عام کے الزامات ہیں، اس کا ماضی دیکھ لیں۔