18 مئی ، 2012
حیدر آباد (دکن) … آئی پی ایل 5 کے میچ میں دکن چارجرز نے راجستھان رائلز کو 5 وکٹ سے شکست دیدی، اکشتھ ریڈی نے 42 رنز بنائے۔ راجستھان رائلز کے 127 رنز کا نسبتاً آسان ہدف حاصل کرنے میں دکن چارجرز کو 5 وکٹیں گنوانی اور 18.4 اوورز کھیلنے پڑے۔ اکشتھ ریڈی اور شیکھر دھون نے دکن چارجرز کو 63 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا ۔ اکشتھ ریڈی نے 35 گیندوں پر 42 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، دھون نے 2 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 26 رنز بنائے، جے پی ڈومینی 24 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔ راجستھان رائلز کے سدھارتھ تری ویدی نے 2 ، اجیت چنڈیلا، یوہان بوتھا اور اسٹورٹ بنی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، آسٹریلوی اسٹار بولرز شین واٹسن اور شان ٹیٹ کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے راجستھان رائلز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر صرف 126 رنز بنائے، راہول ڈریوڈ 36 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، اویس شاہ 28 اور آلوک مناریا 20 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے، راجستھان رائلز کی اننگز میں صرف 2 چھکے لگے۔ دکن چارجرز کی جانب سے جنوبی افریقی اسٹار بولر ڈیل اسٹین، ویر پراتاپ سنگھ اور امیت مشرا نے 2، 2 وکٹیں لیں۔