08 ستمبر ، 2015
لاہور ........بھارت کے سابق وزیر، ممبر لوک سبھا ، مانی شنکر کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کا شکار ہے، دہشت گرد پاکستان اور بھارت دونوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ لاہور کے مقامی ہوٹل میں سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری کی کتاب کی تقریب رونمائی ہوئی۔ اپنے خطاب میں سابق بھارتی وزیر مانی شنکر کا کہنا تھا کہ پاک بھارت مذاکرات کسی مداخلت کے بغیر ہونے چاہئیں، ان کے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں جو تعلقات نہیں چاہتے۔ خورشید محمود قصوری کا کہنا تھاکہ مودی کنفیوژڈ ہیں، انہیں اٹل بہاری واجپائی والی رائے پر آنا پڑے گا۔خورشید قصوری نے بتایا کہ انہوں نے ترکی میں اسرائیلی وزیر خارجہ سے ملاقات کی تھی، یہ ان کی ڈیوٹی تھی۔ اسرائیل سے کہا تھا کہ وہ بھارت کو آگے بڑھنے سے روکے۔تقریب میں نجم سیٹھی، عارف نظامی، مجیب الرحمان شامی نے سوالات کئے جبکہ جنرل ریٹائرڈ جہانگیر کرامت، شہر یار خان، سابق سفیر شاہد ملک ، فخر امام، لیاقت بلوچ ، میاں اظہرسمیت دیگر سیاستدانوںاور دانشوروں نے شرکت کی۔