09 ستمبر ، 2015
اسلام آباد......اسلام آبادکے تمام سرکاری اسپتالوں کی اوپی ڈیز آج بھی بند ہیں،علاج کیلئے آنے والے مریض رل گئے، ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف نے ہیلتھ رسک الائونس کی بحالی تک نادرا چوک پر دھرنا جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف ہیلتھ رسک الاؤنس کی بحالی کیلئے دوسرے روز بھی احتجاج کررہے ہیں،اسلام آباد میں طبی عملے اورڈاکٹروں کے حکومت سے مذاکرات گزشتہ روز کامیاب ہوگئے تھے۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر ڈاکٹر سرتاج کا کہنا ہے کہ دھرنا اس وقت ختم ہو گا جب ہیلتھ رسک الاؤنس کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائیگا۔
اسلام آباد کے ریڈ زون کے قریب وفاقی دارالحکومت کے سرکاری اسپتالوں کے ڈاکٹر ، نرسوں اور پیرامیڈیکل اسٹاف نے ہیلتھ رسک الاونس کی بحالی کیلئے حکومت اور ڈاکٹروں کے درمیان مذاکرات ہوئے جس کے بعد منگل کے روز پولیس سے جھڑپ میں گرفتار 11 مظاہرین کو رہا کر دیا گیا ۔
ڈاکٹروں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر ڈاکٹر سرتاج نے دھرنے کے شرکا سے خطاب میں کہا کہ حکومت نے ہمارے کچھ مطالبات مان لئے ہیں، سیکریٹری خزانہ ڈاکٹروں کے مطالبات کی سمری وزیر اعظم کو بھجوائیں گے، جس پر اسپتالوں میں ایمرجنسی سروس بحال کر دی گئی ہے۔