09 ستمبر ، 2015
لندن........ تخت برطانیہ کی پڑپوتی نے پڑدادی کا رکارڈ توڑدیا، الزبتھ دوم نے طویل ترین عرصے تک برطانیہ پر راج کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
ملکہ الزبتھ دوم 63 سال سے زائد عرصے تک تخت برطانیہ پر راج کرنے والی پہلی برطانوی ملکہ بن گئی ہیں۔ نواسی سال کی ملکہ نے دو فروری انیس سو باون کو راج پاٹ سنبھالا تھا۔
اس موقع پر بکھنگم پیلس سے ملکہ کی سرکاری تصویر بھی جاری کی گئی، وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے پارلیمنٹ کے اجلاس میں ملکہ الزبتھ کی غیرمعمولی خدمات پر ان کو خراج تحسین پیش کیا۔
ملکہ نے اسکاٹ لینڈ کی سرحد کے ساتھ نئی ریلوے لائن کے افتتاح پر خود بھی ٹرین کا سفر کیا، برطانیہ کے اس تاریخی موقع پر دریائے ٹیمز میں جہازوں کے فلوٹیلا نے بھی ملکہ کی خدمات کے اعتراف میں ایک منٹ تک ہارن بجائے۔
اس موقع کو یادگار بنانے کے لیے برطانیہ میں ملکہ کے 63 سالہ دور کی پانچ تصاویر پر مبنی 20 پاؤنڈ مالیت کا ایک سکہ بھی جاری کیا گیا ہے۔