10 ستمبر ، 2015
اسلام آباد...... ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ کا کہنا ہے کہ میڈیا سے ہمدردی ہے، صحافیوں کے قتل جیسے واقعات دیکھ کر دلی دکھ ہوتا ہے، بھارت کے ساتھ جب بھی مذاکرات ہوں گے کشمیر ان کا حصہ ہو گا، افغان سرحد کا معاملہ طے شدہ اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ ہے۔
دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان کا کہنا تھا کہ کسی بھی بے گناہ کا قتل قابل مذمت ہے، صحافیوں کا ملک میں اہم کردار ہے۔ہمیں میڈیا سے ہمدردی ہے، اس طرح کے واقعات دیکھ کر دلی دکھ ہوتا ہے، ہم آپ سب کی دل سے عزت کرتے ہیں، آپ لوگ ملک کی اندرونی و بیرونی پالیسی اجاگر کر کے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت سے بلا شرائط بات چیت کیلئے تیار ہیں، بات چیت ہو گی تو کشمیر کی بات ضرور ہو گی۔
پاکستان کی پوزیشن مذاکرات کے حوالے سے واضع ہے، سرتاج عزیز صاحب نے اسے دہرایا بھی ہے، بغیر شرائط کے ہم بات کرنے کیلئے تیار ہیں، لیکن اگر شرائط ہوں گی تو ہمیں قبول نہیں، اور ہم جب بھی بات کریں گے تو کشمیر کی بات ضرور ہو گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ افغان حکومت نے کابل میں پاکستانی سفارت خانے سیکورٹی بڑھانے اور عملے کو تحفظ کی یقین دہانی کرائی ہے۔