10 ستمبر ، 2015
کراچی.......... وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ایف آئی اے اور نیب کاسندھ میں کردار محدود کرنے کا مطالبہ کردیا۔ ذرائع کے مطابق نیشنل اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے وفاقی ادارہ ہے،صوبے میں مداخلت نہ کرے،نیب کے کردار کو بھی واضح کیا جائے۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ وہ صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہیں اور انہیں کچھ بتایا ہی نہیں جاتا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کسی بھی کارروائی سے قبل میرے علم میں لایا جانا چاہیے، نیب اور ایف آئی اے کا سندھ میں کردار کم سے کم کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے وزیراعلیٰ سندھ کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرا علیٰ سندھ نے نیب کی پلی بارگینگ پر بھی اعتراض کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب پلی بار گیننگ پر بھی اعتماد میں نہیں لیتی، پلی بار گیننگ کا پیسہ کہاں جاتا ہے،ہمیں پتہ ہونا چاہئیے۔