پاکستان
27 جنوری ، 2012

لاہور:ادویات کے ری ایکشن سے مزید 2مریض چل بسے

لاہور:ادویات کے ری ایکشن سے مزید 2مریض چل بسے

لاہور… لاہور میں ادویات کے ری ایکشن سے دو مزید مریض چل بسے۔ ادھر ری ایکشن والی دوا تیار کرنے والی تین فیکٹریوں کے مالکان کو عدالت نے مزید 5 روز کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔ اردو بازار کا ساٹھ سالہ محمد گلاب میو اسپتال جبکہ منڈیانوالہ کا 66 سالہ منیر گھرکی اسپتال میں زیرعلاج تھے جو آج دواؤں کے ری ایکشن کے باعث جاں بحق ہو گئے۔ محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 81 ہو گئی ہے۔ جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے بتائے گئے اعدادو شمار کے مطابق یہ تعداد 105 ہے۔ دوسری جانب مضرصحت دوا بنانے کے الزام میں گرفتار تین فیکٹری مالکان کو تین روز کا ریمانڈ مکمل ہونے پر آج مقامی جج عرفان بسرا کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ایف آئی اے کی درخواست پر عدالت نے تینوں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید پانچ روز کی توسیع کردی، ادھر سیشن کورٹ لاہور نے پی آئی سی کے ایم ایس اور سیکریٹری صحت کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کے لئے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ اندراج مقدمہ کی درخواست ایک شہری احمد رضا نے دائر کی ہے جس کا بھائی پی آئی سی میں جاں بحق ہوا۔

مزید خبریں :