14 ستمبر ، 2015
کراچی.......وزیر اطلاعات سندھ نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ رکن صوبائی اسمبلی علی نواز شاہ کا کیس تو حکومت پر بنتاہے، انہوں نے علی نوازشاہ کی سزا کو انتقامی کارروائی قرار دے دیا۔نثار کھوڑو نے مزید کہا کہ علی نوازشاہ کا کیس تو حکومت پر بنتاہے۔
سینٹرل جیل کراچی میں پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی علی نواز شاہ سے صوبائی وزیر اطلاعات نثارکھوڑو نے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ ملاقات کے بعد نثار کھوڑو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی نواز شاہ کو انتقامی سیاست کا نشانہ بنایا جارہاہے، علی نوازکو زمین لیز پر حکومت کی جانب سے دی گئی تھی اور لیز کے لیے واضح قانون موجود ہے،ان پر بے بنیاد الزامات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علی نواز شاہ کے خلاف فیصلہ اداروں کے کھوکھلے پن کو ظاہر کرتاہے، انہوں نے اپنے دورِ وزارت میں حکومت سے تنخواہ نہیں لی اور ان کے خلاف سزا پر اپیل کا حق رکھتے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے سینیٹر نہال ہاشمی کے بیان پر نثارکھوڑو نے کہاکہ نہال ہاشمی کو سیاست کرنا نہیں آتی،اس حوالے سے علی نواز شاہ سے مشاوارت کی ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سندھ کے ساتھ ظلم ہوا تو خاموش نہیں بیٹھیں گے اور ہر فورم پر احتجاج کرینگے۔