21 ستمبر ، 2015
لندن....... برطانیہ نے ملک میں 20 سال کے دوران پہلے جوہری بجلی گھر کے لئے 2 بلین پائونڈ کا فنڈ مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔ برطانیہ کے وزیر خزانہ جارج اوسبورن کے پیر کو اعلان کے مطابق حکومت کی طرف سے برطانیہ کے پہلے جوہری بجلی گھر کی تعمیر ایک گارنٹی انفراسٹرکچر سرمایہ کاری ہوگی جس کے لئے حکومت 2 بلین پائونڈ دے کر اپنا کردار ادا کرے گی۔
بجلی گھر جس کو ہینکلی پوائنٹ پلانٹ کہا جارہا ہے انگلینڈ کے جنوب مغرب میں فرانس کی کمپنیوں کے ایک کنسورشیم کے تعاون کے ساتھ بنایا جائے گا۔
تاہم فرانس نے اس بجلی گھر میں سرمایہ کاری کے لئے اس سال کے آخر تک کے لئے سوچنے کا وقت طلب کیا ہے۔ برطانوی وزارت خزانہ کے مطابق چانسلر کی طرف سے انفراسٹرکچر کی ضمانت برطانوی حکومت کے عزم کو صاف ظاہر کرتی ہے فرانسیسی کنسورشیم میں دو چینی کمپنیاں بھی ہیں جو اس منصوبے کے لئے 40 فیصد حصہ داری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔
چین کے صدر شی جن پنگ آئندہ ماہ دورہ برطانیہ کے موقع پر جوہری بجلی گھر میں سرمایہ کاری کا اعلان کرسکتے ہیں ۔