Time 28 مارچ ، 2025
دنیا

میانمار اور تھائی لینڈ میں7.7 شدت کا زلزلہ، 150 سے زائد افراد ہلاک، عمارتیں اور پل منہدم

میانمار اور تھائی لینڈ آج دوپہر شدید زلزلے سے لرز اٹھے جس کے نتیجے  اب تک 150 سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ 

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق زلزلے سے میانمار اور تھائی لینڈ میں عمارتیں اور پل زمیں بوس ہوگئے جبکہ بینکاک میں زیر تعمیر عمارت گرنے سے بھی بڑے جانی نقصان کا خدشہ ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.7 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز میانمار کے شہر منڈالے سے 17.2 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا،  زلزلے کے بعد شدید آفٹر شاک بھی محسوس کیے گئے۔

حکام کے مطابق میانمار کے شہر ٹاؤنگو میں ایک مسجد کے جزوی طور پر منہدم ہونے سے کم از کم 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق آنگ بان میں ایک ہوٹل کے گرنے سے کم از کم 2 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوئے۔ 

سرکاری میڈیا کے مطابق زلزلے سے پانچ شہروں اور قصبوں میں عمارتیں منہدم ہوگئیں، جبکہ یانگون-منڈالے ایکسپریس وے پر دو پل بھی گرگئے، زلزلے کی نتیجے میں میانمار میں مجموعی طور پر 144 ہلاکتیں ہوئیں جبکہ 732 افراد زخمی ہوئے، حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

میانمار کی فوجی حکومت نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔

میانمار اور تھائی لینڈ میں7.7 شدت کا زلزلہ، 150 سے زائد افراد ہلاک، عمارتیں اور پل منہدم
تھائی لینڈ میں منہدم ہونے والی زیر تعمیر عمارت— فوٹو: رائٹرز

دوسری جانب حکام کے مطابق تھائی لینڈ  میں زلزلے کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں زیر تعمیر فلک بوس عمارت گرنے سے 8 افراد ہلاک ہوئے جبکہ درجنوں مزدوروں کو ملبے سے نکال لیا گیا ہے۔ تھائی لینڈ کے نائب وزیر اعظم کے مطابق اب بھی متعدد افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ 

حکام نے بنکاک کو آفت زدہ علاقہ قرار دے دیا ہے اور زلزلے کے مزید جھٹکوں کے خدشے کے باعث لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

مزید خبریں :