Time 29 مارچ ، 2025
انٹرٹینمنٹ

صابن اور پتنگیں بیچنے والا لڑکا جس نے اداکاری میں امیتابھ بچن کو بھی ٹف ٹائم دیا

صابن اور پتنگیں بیچنے والا لڑکا جس نے اداکاری میں امیتابھ بچن  کو بھی ٹف ٹائم دیا
معروف کامیڈین نے اپنے کیریئر کا آغاز 1951 میں فلم افسانہ سے بطور چائلڈ آرٹسٹ کیا تھا/فوٹوفائل

بالی وڈ کے سینئر  اداکار اور معروف کامیڈین جگدیپ 81 سال کی عمر میں 2020 میں اس دنیا سے رخصت ہوئے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ جگدیپ نے اپنے بالی وڈ کیرئیر سے قبل سڑکوں پر صابن اور پتنگیں بھی فروخت کیں؟

بھارتی میڈیا کے مطابق  ریاست مدھیہ پردیش میں پیدا ہونے والے جگدیپ کا اصل نام سید اشتیاق احمد جعفری تھا جنہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز 1951 میں فلم افسانہ سے بطور چائلڈ آرٹسٹ کیا۔

7 دہائیوں پر مشتمل کیرئیر اور 400 سے زائد فلمیں

 جگدیپ کا کیرئیر تقریباً 7  دہائیوں پر مشتمل  تھا جس دوران انہوں نے 400 سے زیادہ فلموں میں اداکاری  کے جوہر دکھائے اور کئی  یادگار پرفارمنس کے ذریعے  ایک مشہور کامیڈین بن گئے۔

  اپنے طویل کیرئیر کے دوران جگدیپ بالی وڈ کے کئی  شاندار پروجیکٹس کا حصہ رہے جن میں  فلم آر پار ، کھلونا ، گورا اور کالا، قربانی، شعلے، شہنشاہ ، پھول اور کانٹے سمیت چائنا گیٹ جیسی فلمیں شامل ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جگدیپ 29 مارچ 1939 کو ایک بیرسٹر  کے گھر میں پیدا ہوئے تاہم  والد کے انتقال کے بعد انہوں نے  سڑکوں پر صابن، کنگھی اور پتنگیں بیچنا شروع کردیں۔

تاہم   1951 میں فلم افسانہ سے بطور چائلڈ آرٹسٹ اداکاری کا آغاز کیا اس کے بعد جگدیپ دیکھتے ہی دیکھتے بھارتی سنیما کے ایک مشہور کامیڈین بن کر ابھرے۔

کامیڈین جگدیپ نے 1975 کی بلاک بسٹر فلم’ شعلے‘  میں سورما بھوپالی کا کردار اداکیا تھا ، یہ کردار ان کے کیرئیر  کیلئے ایک  اہم سنگ میل ثابت ہوا اور  فلم شعلے کے برسوں بعد، راج کمار سنتوشی کی کامیاب فلم ’ انداز اپنا اپنا ‘ میں ان کا کردار بھی مداحوں کا پسندیدہ بن گیا۔

کامیڈین جگدیپ نے تین شادیاں کیں 

جگدیپ نے تین شادیاں کیں، ان کی پہلی بیوی نسیم بیگم سے ان کا ایک بیٹا حسین جو 2009 میں انتقال کرگیا اور دو بیٹیاں ہیں جن کا نام ثریا اور شکیرا ہے۔

کامیڈین جگدیپ نے دوسری شادی صغرا بیگم سے کی جس سے ان کے دو بیٹے جاوید جعفری اور نوید جعفری  ہیں،  بعد ازاں انہوں نے ناظمہ سے تیسری شادی کی جس سے ان کی ایک بیٹی مسکان جعفری ہے۔

مزید خبریں :