24 ستمبر ، 2015
مکہ مکرمہ........حج کے موقع پر کبھی کبھار بھگدڑ اور افراتفری کے واقعات پیش آجاتے ہیں۔ اکتوبر 2012ء میں اپ لوڈ کی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چند لوگوں کی بے صبری کس طرح سیکڑوں افراد کی زندگی خطرے میں ڈال دیتی ہے۔
لاکھوں حجاج کا اجتماع، مخصوص مقامات پر مناسک کی ادائیگی۔ اتنے بڑے ہجوم کو کنٹرول کرنے کے سعودی حکومت کی جانب سے بھرپور انتظامات کیے جاتے ہیں مگر کچھ حجاج کرام جلد بازی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
اکتوبر 2012ء میں انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کی گئی ویڈیو میں بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ ہزاروں لوگوں کا ہجوم رکاوٹوں کے پاس جمع ہے اور چند افراد رکاوٹیں ہٹا کر دوسروں کو دھکیلتے ہوئے آگے بڑھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
یہ جلد بازی اور بے احتیاطی سیکڑوں افراد کی زندگی کے لیے خطرہ بن جاتی ہے کیونکہ اگر بھگدڑ مچ جائے تو بہت سے لوگ کچلے جاتے ہیں۔ اس ہجوم میں خواتین، بچے، بزرگ اور وہیل چیئر پر معذور افراد بھی موجود ہیں جن کو سب سے زیادہ خطرہ لاحق ہوتا ہے۔
حادثات سے بچنے کے لیے تمام حجاج کرام کو مقررہ راستوں کی پابندی اور مناسک حج کی ادائیگی کے دوران صبر و سکون سے کام لینے کی تاکید کی جاتی ہے۔