24 ستمبر ، 2015
کراچی......رینجرز کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہےکہ ڈاکٹر عاصم حسین نےمبینہ طور پر اربوں روپے کی رشوت وصول کی، رپورٹ کے مطابق تمام بینکوں کو سابق مشیر ڈاکٹر عاصم کے مالیاتی اعداد وشمار فراہم کرنے کا حکم دیدیا گیا ہے۔
کراچی رینجرز نے انکشاف کیا ہےکہ ڈاکٹر عاصم اور ان کے آقاؤں نے اربوں روپے کی رشوت وصول کی۔ نیب پہلے ہی رینجرز کےساتھ (جے آئی ٹی) تشکیل دے چکی ہے۔
رینجرز رپورٹ کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی)اور وزارت پٹرولیم کےگرفتار دیگر 5 افسران نے بھی واضح تفصیلات دی ہیں کہ کس طرح ڈاکٹر عاصم نے مختلف کمپنیوں سے اربوں روپے کی رشوت لی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ ڈاکٹر عاصم حسین قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے کے ذمہ دار ہیں، غبن کی جانے والی رقوم ان کے سیاسی آقاؤں کو فراہم کی گئی ۔