20 مئی ، 2012
لاہور…پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اگر آئندہ الیکشن میں دھاندلی کی گئی تو خونی انقلاب آئے گا اور جن پر قومی سلامتی کے تحفظ کی ذمہ داریاں ہیں انہیں ایکشن لینا ہوگا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گھمن ہاوٴس لاہور کینٹ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید کاکہنا تھا کہ وہ اہل لاہور سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ملک میں لاقانونیت ، حکمرانوں کی کرپشن ،ناانصافی اور ظلم و زیادتی اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں وزیر اعظم گیلانی نے سزایافتہ ہونے کے باوجوداہل خانہ کے ساتھ ملک کو لوٹنے کا ایک لانگ ٹرم منصوبہ بنا رکھا ہے ،انہوں نے کہا کہ ایک سائیکل چور کو عدالتوں نے بیس ماہ سے جیل میں رکھا ہے جبکہ ملک لوٹنے والے کو صرف تیس سیکنڈ کی سزاء دی جاتی ہے جس پر عملدرآمد بھی نہیں ہوتا تو یہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ اس وقت تمام قومی اداروں کے سربراہ پیشہ ور غنڈوں کو بنا یا گیا ہے۔یہ کہاں کی جمہوریت ہے کہ ایک مجرم کس طرح ملک کاوزیر اعظم ہوسکتا ہے۔