20 مئی ، 2012
شکاگو…نیٹو چیف اینڈرس فوگ راسموسن نے کہا ہے کہ افغانستان سے نکلنے کی کوئی جلدی نہیں، افغانستان میں نیٹو آپریشن کامیابی سے پورا کریں گے۔شکاگو میں نیٹو سربراہ کانفرنس سے پہلے اینڈرس فوگ راسموسن نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں نیٹو افواج کے قیام سے متعلق اپنے شیڈول پر قائم رہیں گے اور آپریشن کامیابی سے پورا کریں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ نیٹو سربراہ کانفرنس میں 2014 تک افغانستان سے اتحادی افواج کو نکالنے پر بات کی جائے گی۔فرانس کی جانب سے 2012 کے آخر میں افغانستان سے اپنی تمام جنگی فوج کو نکالنے کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے راسموسن نے کہا کہ انہیں فرانس کے نئے صدر کے فیصلے پر حیرت نہیں ہوئی۔راسموسن نے کہا ہے کہ فرانس کے نئے صدر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ افغانستان میں دوسرے طریقے سے حمایت جاری رکھیں گے۔