01 اکتوبر ، 2015
ہرارے......پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں نوجوان کھلاڑیوں محمد رضوان اور عماد وسیم کی شاندار کارکردگی کے باعث پاکستان نے زمبابوے کو میچ جیتنے کیلئے 260رنز کا ہدف دیا ہے۔
ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جارہے میچ میں زمبابوے کے کپتان چگمبورا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، گرین شرٹس کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہااور صرف 34کے مجوعی اسکور پر ٹاپ آرڈر بیٹسمین اظہرعلی، احمد شہزاد اور محمد حفیظ پویلین لوٹ گئے۔
سرفراز احمد ایک بار پھر مرد بحران ثابت ہوئے اور شعیب ملک کے ساتھ چوتھی وکٹ کی شراکت میں 65رنز بناکر بیٹنگ لائن کو سہارا دیا، اس موقع پر شعیب ملک 31رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔ سرفراز احمد بھی ہمت ہار گئے اور 44رنز پر کریمر کی گیند پر ولیمز کو کیچ دے بیٹھے۔
نوجوان کھلاڑیوں محمد رضوان اور عماد وسیم نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں124رنز بناکر کھیل کا نقشہ بدل دیا،عماد وسیم 61رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان 75رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔