21 مئی ، 2012
لاہور… پنجاب کے ضلع تونسہ شریف اور رحیم یار خان میں لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرے جاری ہیں، تونسہ شریف میں مظاہرین نے میپکو آفس کو آگ لگادی۔ تونسہ شریف کے شہری بجلی کی طویل بندش کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے ،احتجاج کے باوجود تاہم میپکو انتظامیہ کی طرف سے کوئی اقدام نہ کیا گیا اور بجلی بحال نہ ہوئی۔ اس دوران چند افراد مشتعل ہوگئے اورانہوں نے میپکو آفس پر دھاوا بول کر اسے آگ لگادی، آگ کی لپیٹ میں میپکو آفس کی ایک گاڑی بھی آگئی اور دفتر کا تمام ریکارڈ اور فرنیچر بھی جل گیا۔ دوسری جانب صورتحال کو معمول پر لانے کے لئے پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی ، تاہم احتجاج اب بھی جاری ہے، مظاہرین کا کہنا ہے کہ شہر میں 18 اور دیہات میں 22 / 22 گھنٹے لوڈشیڈنگ نے ان کی زندگی مشکل کردی ہے۔ ادھر رحیم یارخان میں بھی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف مسلم لیگ ن کے سیکڑوں کارکنوں نے ایم پی اے مائزہ حمید گجر کی قیادت میں ٹاوٴن ہال سے ریلوے چوک تک احتجاجی ریلی نکالی۔مظاہرین نے سٹی پل کے مقام پر ٹائر جلا کر نعرے بازی کی، یہاں بھی مشتعل مظاہرین میپکو آفس کا دروازہ توڑ کر دفتر کے اندر گھس آئے اور توڑ پھوڑ کی ۔