21 مئی ، 2012
لاہور…پاکستان مسلم لیگ ن نے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی طرف سے ترک وزیر اعظم کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔شہباز شریف پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شریک ہوں گے لیکن وزیر اعظم گیلانی کے عشائیے میں نہیں جائیں گے۔مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق وزیر اعظم گیلانی کی طرف سے میاں نواز شریف کو دی گئی عشائیے کی دعوت پر پارٹی کے مرکزی رہنماوٴں سے مشاورت کی گئی ہے جس میں اکثریت کی تجویز یہ تھی کہ مسلم لیگ ن یوسف رضا گیلانی کو آئینی وزیر اعظم تسلیم نہیں کرتی اس لیے ان کے عشائیے میں شریک نہیں ہونا چاہیے۔،ذرائع نے بتایا کہ بعض رہنماوٴں کی تجویز تھی کہ عشائیے چونکہ ترک وزیر اعظم کے اعزاز میں ہے اس لئے شرکت کرنی چاہیے تاہم مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ میاں نواز شریف عشائیے میں نہیں جائیں گے۔مزید معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شریک ہوں گے تاہم وہ بھی وزیر اعظم گیلانی کے عشائیے میں شریک نہیں ہوں گے۔میاں نواز شریف ترک وزیر اعظم رجب طیب اردگان سے منگل کی سہ پہراسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ملاقات کریں گے۔ادھر عشائیے میں شرکت نہ کرنے کی تصدیق کے لیے سینیٹر پرویز رشید سے رابطہ کیا گیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ ابھی اس بارے لا علم ہیں۔