03 اکتوبر ، 2015
اسلام آباد.......اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے مختلف علاقوں میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر کئی ہوٹل سیل کر دیے۔ ضلعی انتظامیہ کے اہل کاروں نے اسسٹنٹ کمشنر کامران چیمہ کی نگرانی میں مختلف ہوٹلوں پر چھاپے مارے۔
سیکٹر ایف 7 کے ہل ویو ہوٹل کے کچن اور اسٹور کو کھانے کی زائد المیعاد اشیاء برآمدہونے پر سیل کر دیا گیا۔ اسی سیکٹر میں مشہور کابلی ریسٹورنٹ کو غیرمعیاری گوشت کے استعمال پر سیل کیا گیا۔ایف سیون کے ہی روسٹر ریسٹورنٹ کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔
اوکس اینڈ گرل ریسٹورنٹ کو زائد المیعاد اشیاء کے استعمال پر سیل کردیا گیا۔ اسی علاقے میں غیرمعیاری اشیا کے استعمال پر ایک معروف آئس کریم پارلر کو بھی انتظامیہ نے سیل کردیا ۔ اسلام آباد کے سیکٹر ایف 6 میں امریکن اسٹیک ہاؤس کو صفائی کی ناقص صورت حال پر سیل کیا گیا۔