21 مئی ، 2012
لاہور… تیل اورگیس کی قلت کی وجہ سے ملک میں بجلی کا شارٹ فال ایک بارپھر بڑھ کر ساڑھے 5 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا ۔ اکثر شہروں میں غیر اعلانیہ بدترین لوڈشیڈنگ کادورانیہ بھی 20 گھنٹے تک جا پہنچا ہے۔۔حکومتی دعووٴں کے برعکس لاہور سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں غیر اعلانیہ بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے، رقم نہ ملنے کی وجہ سے پاور ہاوٴسز کو تیل اورگیس کی فراہمی بھی کم ہو گئی ہے جس سے پیداوار میں واضح کمی آئی ہے ملک میں بجلی کی پیداوار 11900 ہے،جبکہ طلب17400 میگاواٹ سے بڑھ گئی ہے، مجموعی پیداوار میں ہائیڈل 4222میگاواٹ، تھرمل1700 میگاواٹ اورآئی پی پیز 6045 میگاواٹ ہے، کے ای ایس سی کو 670 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے، ایک طرف گرمی بڑھی ہے تو دوسری طرف لوگوں کو بجلی میسر نہیں، پیپکو حکام کا کہنا ہے کوشش کی جا رہی ہے کہ لوڈشیڈنگ کم سے کم ہو۔ تاہم ذرائع لوڈشیڈنگ میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کر رہے ہیں۔