پاکستان
03 اکتوبر ، 2015

متحدہ کے رضا حیدر اور ساجد قریشی کے قتل میں ملوث دو ٹارگٹ کلرز گرفتار

 متحدہ کے رضا حیدر اور ساجد قریشی کے قتل میں ملوث دو ٹارگٹ کلرز گرفتار

کراچی........کراچی کے علاقےگلشن معمار میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے دو مبینہ ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا۔ملزمان کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کرکے 90 روز کا ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔رینجرز نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان ایم کیو ایم کے دو ممبر صوبائی اسمبلی کے قتل میں ملوث ہیں۔

ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ رات گئے گلشن معمار میں سرجیکل ایکشن کے دوران سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے دو مبینہ ٹارگٹ کلرز پکڑے گئے،ٹارگٹ کلر اکبر حسین عرف کالا اور کونین حیدر متحدہ قومی موومنٹ کے ممبر سندھ اسمبلی ساجد قریشی اور رضا حیدر کے قتل میں بھی ملوث ہیں۔

رینجرز نے دونوں ملزمان کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کرکے 90 روز کا ریمانڈ بھی لے لیا ہے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ٹارگٹ کلر اکبر حسین بارہ افراد اور کونین حیدر سات افراد کے قتل میں ملوث ہے۔ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ انھوں نے 2013 کے الیکشن میں ایم کیو ایم کے الیکشن کیمپس پر بھی حملے کیے،عزیز آباد ، مکا چوک ، ناظم آباد اور یوسف پلازہ کے الیکشن کیمپس پر حملے کی ہدایت ایم کیو ایم کی قیادت نے دی تھی۔

ترجمان رینجرز کے مطابق ایم کیو ایم نے اپنے الیکشن کیمپس پر حملے لوگوں کی ہمدردی حاصل کرنے کے لئے کروائے تھے۔رات گئے دھوراجی میں بھی سی ٹی ڈی نے نجی اسپتال میں چھاپہ مار کار چار افغان دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھاجن میں سے دو دہشت گردوں کے جسموں پر گولیوں کے زخم تھے۔

مزید خبریں :