04 اکتوبر ، 2015
ممبئی ...... بالی ووڈ اداکارہ ایمی جیکسن نے فلم ’’سنگھ از بلنگ‘‘ کو اپنے کیرئیر کا سنگ میل قرار دیا ہے۔یہ فلم 2اکتوبر کو نمائش کے لئے پیش کی جا چکی ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اداکارہ نے اپنی فلم ’’سنگھ از بلنگ‘‘کے بارے میں شائقین کا ردعمل جاننے کیلئے ممبئی کے ایک تھیٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں مداحوں کی جانب سے بہت پذیرائی ملی۔
ایمی جیکسن نے شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ یقیناً ان کے فلمی کیرئیر کا سب سے بڑا سنگ میل ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ انہیں اکشے کمار کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا اور ان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ نہایت ہی اچھا رہا۔ اداکارہ نے کہا کہ وہ مستقبل میں مزید بڑے اسٹارز کے ساتھ پردۂ سیمیں پر جلوہ گر ہوں گی۔