04 اکتوبر ، 2015
مکہ.......سعودی انسانی حقوق کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر مفلح القحطانی نے واضح کیا ہے کہ سانحہ منیٰ کے شہداء کی اجتماعی نہیں انفرادی طور پر تدفین کی جارہی ہے، ہر میت کےورثاء کی اجازت کے بعد غسل دےکر نمازجنازہ پڑھائی جاتی ہے اور الگ الگ قبروں میں سپرد خاک کیا جاتا ہے۔
انہوں نے یہ بات مکہ مکرمہ کے المعصیم کمپلیکس کے دورے میں کہی ۔ اس کمپلیکس میں ڈی این اے ٹیسٹ کی سہولت اور میتوں کی حوالگی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ اب تک 26 پاکستانی شہداء کی شناخت کے بعد معیصم قبرستان میں تدفین کی گئی ہے۔
ڈاکٹر مفلح القحطانی نے کہا کہ سانحہ منیٰ کےشہداء کی شناخت کا کام جاری ہے۔ وہ شہدا جن کے خونی رشتے دار سعودی عرب میں نہیں ہیں ان کے نمونے حاصل کرنے کے لئے وزارت صحت نے خصوصی انتظامات کیےہیں ۔ ایسے افراد اپنے ملکوں میں محکمہ صحت سے رجوع کریں جو ڈی این اےٹیسٹ کے لئے ان کے خون کے نمونے حاصل کرکے سعودی وزارت صحت کو بھیجیں گے۔