05 اکتوبر ، 2015
ہرارے......پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تیسرا اور فیصلہ کن ون ڈے انٹر نیشنل آج ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلا جائے گا۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ساڑھے بارہ بجے شروع ہوگا۔
زمبابوے نے پاکستان کے خلاف دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت پانچ رنز سے جیت لیا۔ اس کے ساتھ ہی سیریز بھی برابر ہوگئی تھی اور اب فاتح ٹیم کا فیصلہ تیسرے اور آخری ون ڈے میں ہوگا۔ پہلے ون ڈے میں پاکستان نے131رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
زمبابوے نے بنگلہ دیش کے علاوہ صف اول کی ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیموں کے خلاف آخری ون ڈے سیریز 14سال قبل جیتی تھی، جب 2000-2001 میں زمبابوے نے نیوزی لینڈ کو دو ایک سے شکست دی تھی۔ اس کے بعد اس کی زیادہ تر فتوحات بنگلہ دیش،کینیا آئر لینڈ اور چھوٹی ٹیموں کے خلاف رہیں، اب پاکستان کے خلاف اس کے پاس جیت کے لئے سنہری موقع ہے۔
پاکستان نے زمبابوے کے خلاف دس ون ڈے سیریز جیتی ہیں۔ 1995میں دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی۔زمبابوے نے پاکستان کے خلاف کبھی ون ڈے سیریز نہیں جیتی ہے۔