پاکستان
08 اکتوبر ، 2015

کراچی آپریشن کا مقصد ایم کیو ایم کو منظر سے ہٹاکر کسی اور کو لانا ہے،فاروق ستار

کراچی آپریشن کا مقصد ایم کیو ایم کو منظر سے ہٹاکر کسی اور کو لانا ہے،فاروق ستار

کراچی......ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے سینئر رکن فاروق ستار کا کہنا ہے کہ کراچی آپریشن کا مقصد متحدہ قومی موومنٹ کو منظر سے ہٹاکر کسی اور کو لانا ہے۔ایم کیو ایم کودیوار سے لگانے کا سلسلہ بند ہوجانا چاہیے۔

کراچی میں ایم کیو ایم کےمرکز نائن زیرو پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کراچی میں امن کے لئے ٹارگٹڈ آپریشن ہماری ایما اور مطالبہ پرشروع ہوا، کراچی آپریشن پر ہمارا تعاون پہلے دن بھی تھا اورآج بھی ہے،اس آپریشن کو ایم کیو ایم کے خلاف استعمال کیا جارہاہے اور اس کی آڑ میں متحدہ کو دیوار سے لگایا جارہاہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ کراچی آپریشن کا مقصد متحدہ کو منظر سے ہٹانا اور کسی اورکولاناہے، ایم کیو ایم کے علاوہ کسی اورسیاسی جماعت کےمرکزی لیڈر کو حراست میں نہیں لیا گیا، رینجرز نے گزشتہ روز رابطہ کمیٹی کے رکن کمال ملک کو ان کے گھر سے حراست میں لیا، ان کی طبیعت ٹھیک نہیں، ان کا لیور ٹرانسپلانٹ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم ترجمان کے مطابق رینجرز نے گزشتہ روز کمال ملک کو نارتھ ناظم آباد میں ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا تھا۔ کمال ملک گلبرگ ٹاؤن کے ناظم بھی رہ چکے ہیں۔فاروق ستار نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف گرفتاریوں کے خلاف کبھی شکایت نہیں کی تاہم بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ بند ہوجانا چاہیے ،ایم کیو ایم میں 99فیصد کارکن بیگناہ ہیں ۔

مزید خبریں :