18 اکتوبر ، 2015
لاہور.........پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن فرنٹ نے حکومت پر زور دیا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں فوری طور پر کم از کم 20 فیصد کمی کی جائے۔
صنعتکاروں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران پیاف کے وائس چیئر مین خواجہ شاہ زیب اکرم نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں 40فیصدتک کمی ہو چکی ہے ان حالات میں بجلی کی قیمتوں میں کمی بہت ضروری ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 4.05 روپے میں پیدا شدہ بجلی صنعت کو 12.65روپے فی یونٹ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے ساتھ مہیا کی جا رہی ہے جبکہ خطے میں بجلی کا ٹیرف 9 روپے فی یونٹ سے بھی کم ہے۔
خواجہ شاہ زیب اکرام نے کہا کہ بین الاقوامی حالات کے تناظر میں ضروری ہو گیا ہے کہ حکومت ملکی صنعت اور معیشت کو زندہ و بحال رکھنے کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کمی سمیت متعدد ایسے اقدامات کرے جن سے مینوفیکچرنگ سیکٹر کو ریلیف ملے ۔