18 اکتوبر ، 2015
کراچی....... سانحہ کارساز کی آٹھویں برسی کے موقع پر کراچی میں کارساز کے مقام پر پیپلز پارٹی کے تحت فاتحہ خوانی کی گئی، بلاول بھٹو زرداری نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے۔
18 اکتوبر2007 کو بینظیر بھٹو کی وطن واپسی پرکراچی میں کارسازکے مقام پرہونے والے بم دھماکوں میں پیپلز پارٹی کے 170 سے زائد کارکن شہید ہو گئے تھے۔
سانحے کی آٹھویں برسی پرپیپلز پارٹی کے تحت منعقدہ قرآن خوانی میں بڑی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپنی بہنوں کے ہمراہ کارساز کا دورہ کیا اور شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
اس موقع پر اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو سیکیورٹی نہیں دی گئی، سانحہ کارساز کی ایف آئی آر میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ ارباب غلام رحیم کا نام شامل کیا جانا چاہیے۔