18 اکتوبر ، 2015
کراچی........کراچی کے علاقے کریم آباد میں گزشتہ روز پولیس اہلکار کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج جیو نیوز نے حاصل کر لی ہے، دہشت گردوں نے تیس سیکنڈ سے بھی کم وقت میں واردات مکمل کی اور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے، مقتول اہلکار کے پاس بُلٹ پروف جیکٹ تک نہ تھی۔
کریم آباد کے قریب واقع گوشت مارکیٹ میں گزشتہ روز پولیس اہلکار کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو دہشتگردموٹرسائیکل پردندناتے ہوئے بازارمیں داخل ہوئے، ان میں سے ایک نے ہیلمٹ جبکہ دوسرے نے پی کیپ پہنا تھا، شام 6 بج کر 11 منٹ پرگوشت مارکیٹ پہنچنے والے دہشتگردوں نے 30 سیکنڈ میں کارروائی کی اور کئی گولیاں چلا کر پولیس اہلکار کو موقع پر ہی قتل کردیا، دہشت گردوں نے نائن ایم ایم پستول کا استعمال کیا ۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فائرنگ کے وقت بازار میں بھگدڑ مچ گئی اور خواتین سمیت دیگر افرادنے ادھر ادھر چُھپ کر اپنی جانیں بچائیں جبکہ دہشتگردوں نے ہوائی فائر بھی کیے اور با آسانی فرار ہوگئے۔ تفتیش کارکے مطابق شہید پولیس اہلکار کے پاس بُلٹ پروف جیکٹ تک نہیں تھی اور ابتدائی تفتیش میں ایسا لگتا ہے کہ یہ قتل پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کا تسلسل ہے۔
جائے واردات سے تفتیش کاروں کوگولیوں کے چار خول ملے جوفارنزک لیب بھجوادیے گئے ہیں ، پولیس اہلکار کے قتل کے بعد اعلیٰ حکام نے ایس ایچ او عزیز آباد کو معطل کرکے اس بات کی تفتیش کا حکم دیا ہے کہ پولیس اہلکار کو تنہا اور بُلٹ پروف جیکٹ کے بغیرکیسے تعینات کیا گیا۔