18 اکتوبر ، 2015
کوئٹہ.......شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں صبح سے کالے بادل برسنا شروع ہوگئے جس سے موسم بدل گیا ،جبکہ گلگت بلتستان کےپہاڑی سلسلوں میں چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں نے شہری علاقوں میں بھی موسم سرما کی آمد کی خبر دے دی ہے۔
چمن، پشین، زیارت، ژوب سمیت مختلف علاقوں میں گزشتہ روز گردآلود طوفانی ہوائیں چلی اور پھر کالی گھٹائیں چھا گئی اور صبح سے بارش کا سلسلہ شروع ہوا ۔ گہرے بادل اور رم جھم برستی بوندیں ، کبھی ہلکی کبھی تیز بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں بھی چل رہی ہیں، جس سے موسم قدرے خنک ہوگیا ہے مگر یہ خنکی شہریوں کو خوشگوار محسوس ہورہی ہے اور وہ اس کا بھرپور لطف لے رہے ہیں۔
گلگت بلتستان کے بالائی پہاڑوں پر ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے شہری آبادیوں میں بھی آہستہ آہستہ سردموسم کاآغازہورہاہے۔ سندھ میں نواب شاہ، لاڑکانہ، جیکب آباد، سکھر سمیت بیشتر مقامات پر موسم بدستورخشک اورگرم ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر سے ملک کے بالائی علاقوں خیبرپختونخواہ، اسلام آباد، بالائی پنجاب، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ جنوبی پنجاب میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے۔